عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے،اے آر وائی نیوز کی جانب سے ناظرین کو عیدقرباں کی مبارک باد۔
تفصیلات کے مطابق حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
مبارک دن کا آغاز مساجد میں امہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا، ملک بھر میں نمازعید کےاجتماعات میں فرزندان اسلام شریک ہوئے۔
علمائے کرام عید کے خطبات میں حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، بعد ازاں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کررہے ہیں۔
شہریوں کو عیدالاضحیٰ پرکورنا ایس اوپیز پر عمل کرنےکی ہدایت کی گئی، عظیم دن کے موقع پر اے آر وائی نیوز کی طرف سے ناظرین کو عیدقرباں کی مبارک باد۔
کرونا وائرس کے پیش نظر عیدگاہ اور مساجد میں ایس او پیز کا بھی خیال رکھا گیا، نماز عید کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔
نماز عید الاضحیٰ کے اہم اجتماعات
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، ایس اوپیز کو مدنظر رکھتے ہوئے نمازعید ادا کی گئی، صدرعارف علوی سمیت اہم شخصیات نے نماز عید فیصل مسجد میں ادا کی۔
گورنرہاؤس پنجاب میں بھی نماز عید کا اجتماع منعقد کیا گیا جہاں گورنر اور وزیراعلیٰ نے شرکت کی، ملک کی سالمیت و ترقی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ نے سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔