اسلام آباد: ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش وجذبےکےساتھ منائی جا رہی ہے، نمازعید کے روح پروراجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر،فلسطین سمیت ملک کی ترقی و خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
عید الفطرکے موقع پر تمام شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
کراچی کے مختلف مقامات پر نماز عید کےا جتماعات ہوئے، گرومندر پر سبیل والی مسجد میں نماز عید ادا کی گئی جہاں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ میں نمازعیدالفطرادا کی گئی ، بادشاہی مسجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی، گورنرپنجاب چوہدری سرور نےنماز عید بادشاہی مسجد میں ادا کی۔
لاہور کے جامعہ نعیمیہ میں بھی نماز عید کااجتماع ہوا، مفتی راغب نعیمی نے نماز عید پڑھائی۔