site
stats
پاکستان

حدیبیہ پیپر ملز کا کیس کھلا تو قوم پاناما بھول جائے گی، شیخ رشید

Sheikh Rasheed

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف حدیبیہ پیپرملز اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس دائر کرائیں گے، حدیبیہ پیپر ملز کا کیس کھلے گا تو قوم پاناما کو بھی بھول جائے گی۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے جلسے یوم تشکر سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج بہت بڑا دن ہے، قوم کو دھوکے باز اور ملک دشمن حکمرانوں سے نجات ملی ہے، نوازشریف اس سے پہلے بھی وزیراعظم بنے مگر شریف خاندان میں سیاسی فنی خرابی ہے کیونکہ پہلے نوازشریف کو صدر پھر آرمی چیف اور اب ججز نے فارغ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے کئی بار کہا کہ آئندہ شیخ رشید اسمبلی میں نہیں ہوگا مگر میں نے کہا تھا کہ 2017 نوازشریف کا آخری سال ہوگا اور آئندہ یہ اسمبلی کا حصہ بھی نہیں بن سکیں گے، شہبازشریف کے خلاف حدیبیہ کا ریفرنس جلد دائر کروں گا اور یہ دونوں بھائی جلد جیل میں ہوں گے، ہم ظالم نہیں اس لیے دونوں بھائیوں کو قید میں اے کلاس کی سہولیات دیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشریف نے سی پیک کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی مگر یہ معاہدہ جنرل مشرف کے دور میں ہوا اسی طرح نوازشریف ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ لینے کی بھی کوشش کرتے ہیں تاہم آج میں سچ بتانا چاہوں گا کہ اگر راجہ ظفر الحق ، گوہر ایوب اور میں نے ہوتا تو پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا کیونکہ نوازشریف بہت بزدل انسان ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ نوازشریف کا دعویٰ تھا کہ اگر انہیں وزیراعظم کے عہدے سے ہٹایا گیا تو ملکی حالات خراب ہوجائیں گے مگر ایک مچھر بھی نہیں مرا، نوازشریف نے یہ بھی کہا تھا کہ مجھے نکالا گیا تو ہمالیہ روئے گا مگر ایک مکھی بھی نہیں روئی۔

شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ شاہد خاقان عباسی کو سیف الرحمان کے کہنے پر وزیر اعظم بنایا گیا، عمران خان نے مجھے عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی ذمہ داری دی ہے کیونکہ عوام چورسے چورکی تبدیلی نہیں بلکہ چوکیدار کی تبدیلی چاہتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ عوام کا مطالبہ ہے کہ قطر سے ہونے والے معاہدے کی تفصیل بتائی جائے کیونکہ قطر سے ہونے والے گیس منصوبے پر حکمرانوں نے کمیشن کھائے، شہباز شریف کے خلاف بھی کل تک ریفرنس دائر کردیا جائے گا اور جب اس کا فیصلہ آئے گا تو قوم پاناما کا فیصلہ بھول جائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا نے ہمیشہ اقتدار کو ترجیح دی اس لیے وہ اسلام کو چھوڑ کر اسلام آباد کو اہمیت دیتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
20

Comments

comments

اس ویب سائیٹ پر موجود تمام تحریری مواد کے جملہ حقوق@2018 اے آروائی نیوز کے نام محفوظ ہیں

To Top