جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

قومی اسمبلی میں نیب قوانین میں ترمیم کا بل منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : قومی اسمبلی میں نیب قوانین میں ترمیم کا بل منظور کرلیا گیا ، جس کے تحت ریمانڈ کی مدت 90دن سے کم کر کے 14روز کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں نیب کے قوانین میں ترمیم کا بل پیش کردیا گیا ، ترمیم کا بل وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے پیش کیا۔

جس کے بعد قومی اسمبلی نے قومی احتساب بیوروآرڈیننس1999میں ترمیم کا بل منظورکرلیا ، جس کے تحت نیب کے متعدد اختیارات ختم کردیئے گئے ہیں۔

- Advertisement -

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ترمیم کے تحت اسوقت تک گرفتاری نہیں ہوگی جب تک تفتیش مکمل نہ ہو، ملزم کو ضمانت کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ نیب اب6ماہ کی حدکےاندرانکوائری کاآغاز کرنےکا پابند ہوگا، اس سے پہلے نیب4سال تک انکوائری شروع نہیں کرتا تھا، نیب انکوائری کے لیے وقت کی حد کا پابند نہیں تھا۔

وزیر قانون نے بتایا ترمیم کے تحت ریمانڈ کی مدت 90دن سے کم کر کے 14روز کر دی گئی، نیب 6ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کا پابند ہو گا، قانون میں آئین کے منافی کوئی چیز نہیں ڈالیں گے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے گرفتاری مخصوص کیسز میں ہوگی اور نیب گرفتارشدگان کو24گھنٹےمیں احتساب عدالت میں پیش کرنے کا پابندہوگا، کیس کے دائر ہونے کے ساتھ ہی گرفتاری نہیں ہوسکتی اور نیب گرفتاری سے پہلے ٹھوس ثبوت کی دستیابی یقینی بنائے گا۔

وزیر قانون نے کہا کہ نیب قانون کو سیاسی اور غلط مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا ، گزشتہ حکومت نے بیشتر ترامیم آرڈیننس کے ذریعے کیں ، چیئر مین نیب کو مزید رکھنے کے لیے ترمیم کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب قانون میں ترمیم ہےکہ یہ شخص ملک سےبھاگ نہیں رہا، دہشت گردی ، قتل کےجرم میں ضمانت ہے تو نیب کے قانون میں کیوں نہیں، نیب کے پاس اختیار تھا کہ 90 روز اپنی تحویل میں رکھے، اس عقوبت خانے سے متاثرین کو نکالیں گے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاستدانوں ، بزنس مینوں، تاجروں سمیت ہر طبقے کیلئےقوانین لائے ہیں، ایک آرڈیننس چیئرمین نیب کے حوالے سے جاری کیا گیا اور توسیع دی گئی ، اس کے بعد کچھ اور ترامیم کی گئی، جس سےسول سرونٹس کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

وزیر قانون نے بتایا کہ بغیر کسی ثبوت کے سول سرونٹس کو جیل میں ڈالا گیا ، سیاستدانوں کو انکی آواز تبدیل کرنے کیلئےاس نیب کے قانون کو استعمال کیا گیا، ججز نے کہا کہ نیب کو سیاستدانوں کو دیوار سے لگانے کے لئے استعمال کیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں