اسلام آباد: بجٹ پربحث کے لئے بلایا گیا قومی اسمبلی کا اجلاس شور شرابے کی نذر ہوگیا.
تفصیلات کے مطابق حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باعث قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا.
ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بجٹ پر بحث شروع کرنے کی دعوت دی گئی.
اس دوران ایم ایم اے کے ارکان نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کی اجازت طلب کی، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے انکار کر دیا.
بحث شروع ہونے سے قبل شہباز شریف مداخلت اور نعروں کے باعث بار بار اپنی تقریر روک دیتے. ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے مائیک کھولنے کے باوجود آدھے گھنٹے تک وہ تقریر شروع نہیں کرسکے.
مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 18 جون کو طلب کرلیا
شہباز شریف نے ڈپٹی اسپیکر قائم سوری سے کہا کہ میں بات کروں گا، بہ شرطے کہ آپ میرے بعد ایم ایم اے کے ارکان کو موقع دیں.
ایک موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا آپ بات نہیں کرنا چاہ رہے، تو واضح کر دیں، مائیک کسی اور کو دے دوں؟
اس دوران حکومت ارکان اور اپوزیشن کے درمیان جملوں کا تبادلہ جاری رہا. ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کی متعدد کوششوںکے باوجود صورت حال نہیں سنبھلی. قومی اسمبلی کا اجلاس شور شرابے کی نذر ہوگیا.