اسلام آباد: ملک میں کرونا وائرس کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کل یوم پاکستان کے موقع پر قومی تقسیم اعزازات کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر تقریب تقسیم اعزازات منسوخ کر دی گئی ہے، یہ فیصلہ کرونا وائرس کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
قومی اعزازات کی مرکزی تقریب کل ایوان صدر میں ہونی تھی، ذرایع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤسز میں ہونے والی تقسیم اعزازات کی تقاریب بھی نہیں ہوں گی، کابینہ ڈویژن کے حکام کا مؤقف ہے کہ تقریب صورت حال بہتر ہونے پر منعقد کی جائے گی۔
کروناوائرس: وزیر اعظم کی ہدایات پر فضائی آپریشن معطل
ایوان صدر کے ترجمان کی طرف سے بھی مرکزی تقریب منسوخ کیے جانے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل یوم پاکستان پر ہونے والی سرکاری تقریب بھی منسوخ کی جا چکی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر فضائی آپریشن دو ہفتے کے لیے معطل کر دیا ہے، اس سے قبل کئی ممالک میں حفاظتی اقدامات کی خاطر فلائٹ آپریشن معطل کیا جا چکا ہے، پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔
پاکستان ایئرلائن نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے 22 مارچ (آج سے) اندورن و بیرون ملک جانے والی پروازوں کا آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا ہے۔