اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی اجلاس اتوار کے بجائے پیر کو ہو گا، جس میں لاک ڈاؤن میں نرمی یا سختی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کا شیڈول تبدیل کردیا گیا، وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی اجلاس اب پیر کو ہو گا، اجلاس میں وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ سمیت متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں لاک ڈاؤن میں نرمی یا سختی کا فیصلہ ہوگا اور کورونا وائرس کے خلاف اقدامات پر غور کیا جائے گا جبکہ این سی او سی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق ہوگی۔
یاد رہے وفاقی وزیر اسدعمرکی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیرداخلہ اعجاز شاہ ، ڈاکٹر ظفر مرزا، ڈاکٹر فیصل سلطان ، کوآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان سمیت صوبائی چیف سیکریٹریز، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا ملک بھرمیں کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے تسلی بخش اقدامات جاری ہیں، ملکی اسپتالوں میں بیڈز،وینٹی لیٹرز وافر مقدارمیں دستیاب ہیں، ملک بھر کے اسپتالوں میں داخلے، بیڈز، وینٹی لیٹرز کی کمی نہیں ہے، بیشترمریض ہوم آئیسولیشن کو ترجیح دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا شہریوں کوبیڈز،وینٹی لیٹرزکی دستیابی کےتازہ اعدادوشمارفراہم کئےجائیں، خواہش ہے شہری علاج کیلئے اسپتال کا انتخاب خودکر سکیں، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات مزید بہتر کئے جائیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا صوبےاپنی سفارشات30جون تک این سی اوسی کو فراہم کریں، یکم جون کو این سی اوسی کا اجلاس منعقد ہوگا، یکم جون کے اجلاس میں ماہ جون کے بارے میں فیصلے کئے جائیں گے۔