اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مؤثر ڈرگ پرائسنگ پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں لائی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق آج بنی گالہ میں نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں صحت کی سہولتوں اوردواؤں کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو صحت کے قومی پروگرامز، ہیلتھ کارڈ اور صحت سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی، ملک بھر میں طبی سہولتوں اور دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر غور کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کی مختصر، وسط اور طویل مدتی پالیسی ہونی چاہیے، آئندہ دواؤں کی قیمتوں میں بے یقینی قابل برداشت نہیں۔
انھوں نے ہیلتھ انشورنس کارڈ پر مالی اور قانونی پیچیدگی ہٹانے کی بھی ہدایت کی، کہا ہیلتھ کارڈ پاکستان میں پھیلانے کے لیے پالیسی پر عمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب کا ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تحقیقات کا حکم
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نرسنگ ڈویلپمنٹ پلان کے تحت ایک نرسنگ سروس اسٹرکچر بنایا جائے، نرسوں کی اسامیاں بڑھانے کے ساتھ اسکالر شپ پروگرام بھی متعارف کرائیں، 10سال میں 10 لاکھ نرسز کا ہدف پورا کرنے کے لیے نئے کالج کھولے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ نرسوں کو بیرون ملک سے پاکستان لانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں ملک بھرمیں نئے اسپتال، پنجاب میں ڈاکٹروں کی ہڑتال اور بورڈ آف گورنر پر غور کیا گیا، وزیر اعظم نے دواؤں کی قیمتیں عام لوگوں کی پہنچ تک رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملک میں علاج کی سہولتوں کو معیاری اور آسان بنایا جائے۔