لاہور : پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ فرحت خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، آسٹریلیا میں ہونے والے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن تھی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے کوچ فرحت خان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، اولمپیئن نے ذاتی مصروفیات کے باعث یہ اقدام اٹھایا ہے، فرحت خان کا کہنا ہے کہ ذاتی مصروفیات کی بنا پر ہاکی ٹیم کی مزید کوچنگ نہیں کرسکتا۔
ہیڈ کوچ فرحت خان نے گزشتہ روز بذریعہ ٹیلی فون پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا تھا۔
ٹیلی فونک رابطے میں فرحت خان نے ان سے درخواست کی تھی کہ انہیں آئندہ کسی بھی ایونٹ کیلئے نامزد نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ فرحت خان کی کوچنگ میں پاکستانی ٹیم نے ایشیا ہاکی کپ میں براؤنز میڈل جیتا تھا، آسٹریلیا میں ہونے والی چار ملکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم بری طرح ناکام ثابت ہوئی، جس کے بعد قومی ٹیم کی مینجمنٹ کو تبدیل کرنے کے لیے سخت دباؤ تھا۔
اس کے علاوہ بھارت سے مسلسل شکست پر بھی فرحت خان کو شدید تنقید کا سامنا رہا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے نئے کوچ کے لیے غیر ملکی کوچ کا انتخاب زیر غور ہے اور اس کے لیے ایک جرمن کوچ سے رابطہ کیا گیا ہے۔