لاہور: اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل کر وطن واپس پہنچے ولی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی، لاہور ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا اور انھیں خوش آمدید کہنے اور حوصلہ افزائی کرنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پہچنچ گئی۔
قومی ہاکی ٹیم پی آئی اے کی پرواز پی کے 899 کے ذریعے ملائشیا سے پاکستان پہنچی۔ چیئرمین پرائم منسٹریوتھ افیئرز رانا مشہود نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراستقبال کیلئےاعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ عوام کی بڑی تعداد موجود رہی جبکہ کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔
خیال رہے کہ قومی ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے سلورمیڈل حاصل کیا۔ فائنل میں جاپان نے پاکستان کو پنالٹی شوٹ آؤٹس پر شکست دی تھی۔