اسلام آباد : کشمیرسے متعلق نیشنل پارلیمنٹیرینزکانفرنس آج کنونشن سینٹرمیں ہوگی، جس میں صدر پاکستان عارف علوی ،اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر اور تمام اسمبلی کےاراکین خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ آف پاکستان کے زیراہتمام کشمیر سے متعلق قومی پارلیمانی کانفرنس آج کنونشن سینٹرمیں ہوگی، کانفرنس کی میزبانی چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کریں گے۔
کانفرنس میں صدر پاکستان عارف علوی ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، تمام اسمبلی کے اراکین ، کے پی، بلوچستان، سندھ کے وزرائے اعلیٰ اور صدر آزاد کشمیر خطاب کریں گے ، سینیٹ قائد ایوان، قائد حزب اختلاف بھی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ کانفرنس میں ملک کی تمام سیاسی قیادت کو دعوت دی گئی ہے ۔قومی اسمبلی ، صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے تمام ارکان کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت آئےاورکشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرے ، کشمیریوں کیساتھ ظلم وستم کی داستان ہم دنیا کو بتائیں گے، کانفرنس سے مظلوم کشمیریوں کی آوازدنیا تک پہنچائیں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات یواین قراردادوں کےمنافی ہیں ، بھارتی اقدامات کی بین اقوامی سطح پرتشہیر انتہائی ضروری ہے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر اور لا قانونیت کا ماحول بن چکا ہے۔