اسلام آباد : سربراہ قومی پولیو پروگرام ڈاکٹرصفدر رانا کا کہنا ہے کہ ویکسین بچے کی عمر بھر کی معذوری سے بچاؤ کا واحد حل ہے، والدین بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ قومی پولیو پروگرام ڈاکٹرصفدر رانا کی اے آر وائی نیوز سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا خصوصی انسداد پولیو مہم چاروں صوبوں میں جاری ہے، ہم 5مخصوص اضلاع کراچی،کوئٹہ،فیصل آباد،اٹک، جنوبی وزیرستان میں ہو رہی ہے۔
ڈاکٹرصفدررانا کا کہنا تھا کہ کراچی کی 23، کوئٹہ کی 10 یونین کونسل اور فیصل آباد کی 55 یونین کونسل میں مہم جاری ہے، مہم میں 5سال سے کم عمر 8لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہو گی۔
سربراہ قومی پولیوپروگرام نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں 8ہزار کے قریب اہلکار تعینات رہیں گے، مہم کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹیموں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسین بچے کی عمر بھر کی معذوری سے بچاؤ کا واحد حل ہے، والدین بچوں کوپولیو سے بچاؤکےقطرے ضرور پلوائیں اور انسدادپولیو ٹیموں سےبھرپور تعاون کریں۔