اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا، جس میں علاقائی سلامتی اور ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج بروز جمعرات طلب کر لیا ہے، اجلاس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خزانہ، دفاع اور خارجہ کے وزراء سمیت وزیر مملکت برائے داخلہ شرکت کریں گے، اس کے علاوہ حساس اداروں کے سربراہان و دیگر سیکیورٹی حکام بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں علاقائی سلامتی، بھارتی جارحیت اور قومی داخلی سلامتی کے حوالے سے امور زیر غور آئیں گے اور دیگر معاملات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
اس موقع پر بھارت کے پلوامہ ڈرامہ اور اس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی غور ہوگا، اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور افغان امن عمل اور پاکستان کی کوششوں کا جائرہ لیا جائے گا ، اس کے علاوہ اجلاس میں کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق بھی غور کیا جائے گا۔