اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج پھر طلب کرلیا، اجلاس میں حکومتی اقدامات پربریفنگ دی جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل پھرطلب کرلیا گیا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا یہ اہم اجلاس کل سہ پہر3بجے وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں ہوگا۔
وزیر اعظم عمران خان قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں سول اور عسکری قیادت شریک ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کی جائے گی، اس کے علاوہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں حکومتی اقدامات پر شرکاء کو بریفنگ بھی دی جائیگی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسلم ممالک سمیت عالمی دنیا سے رابطوں پربھی بات چیت ہو گی۔آج ہونے والا کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس اب9اگست کو ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد فوری اقدام کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تجاویز مرتب کرنے کیلئے کمیٹی بنادی ہے۔
کمیٹی 7ارکان پر مشتمل ہے جن میں وزیرخارجہ، اٹارنی جنرل، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز، ڈی جی آئی ایس پی آر شامل ہیں۔
کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ کمیٹی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تجاویز مرتب کرنے کیلئے سیاسی، سفارتی اور قانونی پہلوﺅں کا جائزہ لے گی۔