اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں سول وعسکری قیادت شرکت کرے گی۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور دفاعی صورتحال پر غور کیا جائے گا جب کہ حساس اداروں کے سربراہان اجلاس کو قومی سلامتی پر بریفنگ دیں گے، جس کے بعد ملک کی موجودہ صورتحال سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
گذشتہ روز قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلےکیخلاف قرارداد منظور کی گئی ، جس میں کہا گیا تھا اقلیت کواکثریت پرمسلط کیا گیا، یہ ایوان بےجاعدالتی مداخلت کومسترد کرتا ہے، وزیراعظم اورکابینہ فیصلےپرعمل نہ کریں۔
قرارداد میں عدالت عظمیٰ سے فل کورٹ کی استدعاپرنظرثانی کامطالبہ کیا گیا ، قرارداد بلوچستان عوامی پارٹی کےرہنماخالد مگسی نےپیش کی۔
مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود نے دھواں دھار خطاب میں کہا تھا کہ پارلیمنٹ توہین عدالت کا سامنا کرنے اور لمبی لڑائی لڑنے کو تیار ہے، اس تنازع کا آغاز سپریم کورٹ کے ججز نے کیا، ہم ان کےساتھ بیٹھ کر تاریخ طےنہیں کریں گے، سپریم کورٹ کواپنے فیصلےریورس کرناہوں گے۔