چیمپئنز ٹرافی کے لیے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن جاری ہے اور اس کا منظور شدہ نقشہ سامنے آ گیا ہے۔
پاکستان نے آئندہ سال فروری مارچ میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے جس کے لیے ملک کے تین بڑے اسٹیڈیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اب نیشنل اسٹیڈیم کا منظور شدہ نقشہ بھی سامنے آ گیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن تین مراحل میں کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں نئی بلڈنگ تعمیر ہوگی جس کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں اسٹیڈیم کے تمام انکلوژرز کی ٹیفلون کو نیا انداز دیا جائے گا جبکہ تیسرے مرحلے میں اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت کو بھی گرا کر نئی بلڈنگ بنائی جائے گی۔
پہلے مرحلے کے نئے منظور شدہ بلڈنگ پلان کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں پانچ منزلہ نئی بلڈنگ پرانے اسکور بورڈ کی بلڈنگ کی جگہ بنائی جارہی ہے جس میں دو انکلوژرز کو توڑ کر بلڈنگ میں شامل کیا گیا۔
اس پلان کے مطابق زیر تعمیر نئی بلڈنگ میں کھلاڑیوں کا ڈریسنگ روم بھی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل تین ٹیسٹ میچز کی میزبانی کرنی ہے جب کہ بنگلہ دیش کے خلاف رواں ماہ اگست اور ستمبر میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ اپ گریڈیشن کے کام کے باعث تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔