تازہ ترین

کاروباری شخصیت کی وزیراعظم کو بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کو کاروباری شخصیت عارف حبیب...

وزیراعظم شہباز شریف کی مزار قائد پر حاضری

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ...

ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ

کراچی: ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان...

پاک ایران تجارتی معاہدے پر امریکا کا اہم بیان آگیا

واشنگٹن : نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا...

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیمی فائنل، سندھ کے انور علی نے سینٹرل پنجاب کے جبڑوں سے فتح چھین لی

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سندھ کے انور علی نے سینٹرل پنجاب کے منہ سے فتح چھین کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔

ملتان میں کھیلے جا رہے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سندھ کے انور علی نے اننگ کے 19 ویں اوور میں 24 رنز بٹور کر سینٹرل پنجاب کے جبڑوں سے فتح چھین کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا جہاں آج اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا سے ہوگا۔

سندھ اور پنجاب کے مابین قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے سنسنی خیز سیمی فائنل میں 180 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں 17 ویں اوور میں سندھ کی 5 ویں وکٹ 143 رنز کے مجموعی اسکور پر گری تو میچ کے مرد بحران انور علی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹنے والے دانش عزیز کی جگہ کریز پر آئے۔

میچ کے اٹھارویں اوور کے اختتام پر سندھ کا مجموعی اسکور 155 رنز تھا اور اسے جیت کے لیے 12 گیندوں پر 25 رنز درکار تھے، عمیر بن یوسف 33 گیندوں پر 44 رنز بناکر موجود تھے جب کہ انور علی 8 گیندوں پر 9 رنز بناکر 19 ویں اوور میں سینٹرل پنجاب کے فاسٹ بولر احمد دانیال کا سامنا کرنے کے لیے تیار تھے اور پھر وہ کچھ ہوا جو مخالف ٹیم اور گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں کو حیران کرگیا۔

احمد دانیال نے اننگ کے انیسویں اوور کی پہلی لو فل ٹاس گیند کرائی جس کو پلک جھپکتے میں انور علی نے باؤنڈری سے باہر کی راہ دکھا دی۔ انور علی نے بولر کی دوسری اور تیسری گیند پر دو بلند وبالا چھکے مار کر مخالف ٹیم کے چھکے چھڑا دیے، جس کے بعد مخالف ٹیم کی پریشانی جب کہ سندھ کے کیمپ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جب کہ تماشائیوں میں بھی سنسنی دوڑ گئی۔

اس مرحلے مییں گیندیں اور مطلوبہ رنز برابر یعنی 9 گیندوں پر 9 رنز درکار تھے، چوتھی گیند انور علی نے ایک رنز لیا، اوور کی پانچویں گیند پر عمیر نے سنگل رن لے کر اسٹرائیک دوبارہ انور علی کے حوالے کی، اوور کی آخری گیند کو انور علی نے ایک بار پھر فضا میں اچھال دیا اور چھکے کے ساتھ دونوں ٹیموں کا اسکور برابر ہوگیا۔

 

آخری اوور کی دوسری گیند پر عمیر نے چھکا جڑ کر ٹیم کو حتمی فتح سے ہمکنار کیا۔ انور علی نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 13 گیندوں پر جارحانہ 32 رنز بنائے اور میچ کے ہیرو قرار پائے، جب کہ عمیر یوسف نے 36 گیندوں پر نصف سنچری بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز اسکور کیے تھے، اوپنر فیضان خان نے 31 گیندوں کا سامنا کرکے نصف سنچری اسکور کی جب کہ تجربہ کار بلے باز شعیب ملک 10 گیندوں پر صرف 9 رنز بناسکے۔

سندھ کی جانب سے زاہد محمود نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کوٹے کے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کا فائنل آج شام ملتان میں دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا اور سندھ کے درمیان کھیلا جائیگا۔

Comments

- Advertisement -
ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔