راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے جس میں بلوچستان اور سدرن پنجاب مدمقابل ہوں گے۔
قومی ستاروں سے سجی نیشنل ٹی ٹونٹی کی کہکشاں کو شروع ہوئے تین روز گزر چکے ہیں، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے چوتھے روز پنڈی اسٹیڈیم میں بالترتیب دو مقابلے ہوں گے۔
پی سی بی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سہ پہر 3 بجے بلوچستان اور سدرن پنجاب کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا جب کہ ساڑھے 7 بجے خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں قسمت آزمائی کریں گی۔
بلوچستان اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے افتتاحی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اب دیکھنا ہوگا کہ کونسی ٹیم فتح سے ہمکنار ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ آج راولپنڈی میں کھیلےجارہے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے چھٹے میچ میں سندھ نے نادرن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کی، سندھ نے ناردرن کی جانب سے 137 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔