ایڈلیڈ: آسٹریلیا کے خلاف دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اپنے نام کرنے کے لیے قومی ٹیم کی پریکٹس دوسرے روز بھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم غلطیوں کو نہ دہرا کر سیریز میں واپسی کا عزم لیے دوسرے روز بھی ایڈلیڈ میں پریکٹس کررہی ہے، ایڈلیڈ میں اسپنرز کو مدد ملےگی، یاسرشاہ کا کردار اہم ہوگا، شائقین کرکٹ نے ٹیم سے امیدیں باندھ لیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 29 نومبر (کل) سے کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم دو روز قبل برسبین سے ایڈلیڈ پہنچی۔
برسبین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد فائنل الیون میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے، حارث سہیل کی جگہ امام الحق اور عمران خان سینیئر کی جگہ محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ایڈلیڈ کے میدان میں پاکستان کبھی ٹیسٹ نہیں جیتا۔
دوسرا ٹیسٹ: پاکستان اور آسٹریلیا کل سے مدمقابل ہوں گے
دوسری جانب سابق آسٹریلوی کپتان اور مایہ ناز بلے باز اسٹیون اسمتھ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
خیال رے کہ اسٹیون اسمتھ پہلے ٹیسٹ میچ میں صرف 4رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے تھے اور یاسر نے انہیں آؤٹ کرنے کے بعد انگلیوں سے 7 اشارہ کیا تھا۔ یاسر کا یہ اشارہ کرنے کا مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ وہ اب تک ٹیسٹ میچوں میں اسمتھ کو 7مرتبہ نشانہ بنا چکے ہیں۔