لاہور: انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے علیحدہ علیحدہ اسکواڈ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شریک قومی اسکواڈز میں 4،4 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی۔
جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انعم امین، عروب شاہ، ڈیانابیگ اور فاطمہ ثنا شامل ہیں۔ جویریہ خان، کائنات حفیظ، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، نداڈار اور عمیمہ سہیل کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ جبکہ کائنات حفیظ اور رامین شمیم پہلی بار قومی خواتین ایک روزہ کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔
پاکستان ویمنز بمقابلہ انگلینڈ: 20 ممکنہ کھلاڑیوں کی تربیت شروع
رامین شمیم، سدرہ امین اور سدرہ نواز کو بھی ایک روزہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، عالیہ ریاض، انعم امین، عروب شاہ، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، جویریہ خان، ناہیدہ خان اور نداڈار شامل ہیں۔ 15 سالہ لیگ اسپنر عروب شاہ پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہوئی ہیں، جبکہ آل راؤنڈر نداڈار کی دونوں اسکواڈز میں واپسی ہوئی۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف 3ایک روزہ اور3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز ہوگی، سیریز 9تا 20 دسمبر تک ملائیشیا میں شیڈول ہے، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 30 نومبر کو ملائیشیا روانہ ہوگی۔
واضح رہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک لینے کا اعلان کرچکی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میری نیک خواہشات پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں، آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز میں شرکت نہیں کروں گی۔