امریکی قیادت میں بننے والے نیٹو اتحاد نے غزہ میں جزوی طور پر جنگ بندی کی حمایت کر دی۔
نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جزوی جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں جزوی جنگ بندی سے امداد پہنچنے کا موقع ملےگا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کو علاقائی تنازع میں بڑھنے سے روکنا ضروری ہے جب کہ ایران، حزب اللہ اور دیگر گروپوں کو آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔
دنیا بھر سے مطالبات کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی کو مسترد کر دیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ کی پٹی میں ضروری امداد کی اجازت دینے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر توقف کے لیے بڑھتے ہوئے مغربی دباؤ کے باوجود عارضی جنگ بندی کو مسترد کر دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل "اپنی پوری طاقت” کے ساتھ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے اور ایک ایسی عارضی جنگ بندی کو نہیں مانتا جس میں ہمارے یرغمالیوں کی واپسی شامل نہیں ہے۔