کراچی : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور مشترکہ طورپر آپریشنز کی بہترین صلاحیتوں کے حصول کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ساحلی سیکیورٹی کی مشقیں ضروری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کومستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران نیول کے اعلیٰ حکام نے نیوی چیف کو جدید بحری ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تیاری اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنے کے لیے منعقد کی گئی بحری مشقوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب میں نیول چیف نے تمام فیلڈ کمانڈرز پر زور دیا کہ آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں اور اپنے ایریا آف رسپانسیبیلیٹی میں مستقل چوکنا رہیں تاکہ اگر جنگ مسلط کی جاتی ہے تو اس کا جواب بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں گوادر بندرگاہ کی حفاظت اور پاک چین اقتصادی راہداری سے جڑی بحری سیکیورٹی کے متعلق ترجیحات کا بھی جائزہ لیا گیا جس پر نیول چیف نے پاک بحریہ کی تمام آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔