منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے: سربراہ پاک بحریہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہمارے شہدا اور غازیوں کی بے مثال بہادری و قربانیوں کا غماز ہے، اس دن ہم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، یہ دن پاکستانی قوم اور افواج کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمارے شہدا اور غازیوں کی بے مثال بہادری و قربانیوں کا غماز ہے، دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے۔ 6 ستمبر کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ بحریہ کی جراتمندانہ جنگی حکمت عملی نے دشمن کو بچاؤ پالیسی اپنانے پر مجبور کیا، پاک بحریہ کے جہازوں نے دوارکا میں بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے بھارتی بحری جنگی بیڑے کو بندرگاہ تک مقید رکھا، پاک بحریہ آج بھی دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسران و جوان ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم کو دہراتے ہیں، آئندہ نسلوں کے لیے ترقی یافتہ اور پر امید مستقبل مہیا کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے، یوم دفاع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں