اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے کمانڈر یو ایس نیو سینٹ، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورس کی ملاقات ہوئی۔ نیول چیف نے امن مشق 19 میں شرکت پر کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورس کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے کمانڈر یو ایس نیو سینٹ، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورس کی ملاقات ہوئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون اور بحر ہند میں سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ نیول چیف نے امن مشق 19 میں شرکت پر کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورس کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ 2004 سے کمبائنڈ میری ٹائم فورس کا حصہ ہے، پاک بحریہ ٹاسک فورس 150 کی 11 بار کمانڈ کر چکی ہے جبکہ پاک بحریہ ٹاسک فورس 151 کی 8 بار کمانڈ کر چکی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس 150 کی موجودہ کمانڈ پاک بحریہ کے پاس ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز نیول چیف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بحریہ کو نا قابل تسخیر فورس بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے پاس بیش بہا بحری وسائل موجود ہیں۔ بحری وسائل استعمال کر کے ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔