کراچی : پاکستان اور ترکی کی دوستی بے مثال اور خطے کی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود نے دورہ ترقی کے موقع پر کیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک ترک دوستی کو باہمی تعاون اور مضبوط تعلقات کا ثمر قرار دیا۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی ترکش فلیٹ ہیڈکوارٹرز آمد کے موقع پر ترکش فلیٹ نے ان کا شان دار استقبال کیا اور سلامی پیش کی۔
ترکی کے اس دورے کے دوران نیول چیف کی کمانڈر ترکش فلیٹ، کمانڈر آف ترکش نادرن سی ایریا سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، جہاں باہمی دل چسپی کے امور زیر بحث آئے۔
ان ملاقاتوں میں بحری اشتراکیت اور بحر ہند میں سیکیورٹی کی صورت حال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ کو ترکش فلیٹ کمانڈ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نیول چیف نے گولکیک نیول شپ یارڈ اور ترکش نیوی کے جہاز کا بھی دورہ کیا اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا۔
تجزیہ کاروں نےسربراہ پاک بحریہ کے حالیہ دورے کو پاک ترک جنگی تعاون کے لیے اہم قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین دفاعی تعلقات میں مزید استحکام کا باعث ہوگا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔