کراچی : بحری جہاز پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن شاہد واصف نے سعودی بحریہ افسران، ڈپلومومیٹس اور پاکستانی ذرائع ابلاغ اور کمیونٹی کے نمائندوں کے اعزاز میں بحری جہاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔
پاکستان کے قونصل جنرل شائق بھٹو اور قونصلیٹ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے. کیپٹن طارق السیری نے سعودی رائل نیوی فورس کی نمائندگی کی۔
استقبالیہ کا آغاز سعودی عرب اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا،کمانڈنگ آفیسر نے مہمانوں کو بحری جہاز میں آمد شکریہ ادا کیا، انہوں نے سعودی حکومت کی بہترین مہمان نوازی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈنگ آفیسر نے کہا کہ سعودی عرب کی پوزیشن اور اس علاقے میں کردار بہت اہم ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دیرینہ اور باہمی معاونت پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور سعودی عوام کے آپس کے تعلقات ان دیرینہ تعلقات کو بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ کیپٹن شاہد نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے، اور ہم ہمیشہ اس کاز سے جڑے رہیں گے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان نیوی کا مشن سمندری آزادی ،تجارت اور دوستانہ تعلقات کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے، پی این ایس سیف کی سعودی عرب کا دورہ پاکستان بحریہ کے اس عزم کا ثبوت ہے۔
کمانڈنگ آفیسر نے بتایا کہ رائل بحریہ اور پاکستان بحریہ کے منفرد تعلقات کی وجہ رائل نیوی کے کئی افسران کی پاکستان نیوی اکیڈمی کراچی میں تربیت ہے اور یہ بنیاد ہماری بحریہ کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوطی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کیلئے دونوں ممالک کی بحریہ نے” نسیم البحر”سمیت کئی مشترکہ بحری مشقیں بھی کی ہیں۔ کیپٹن شاہد نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ سعودی بحریہ کے ساتھ ہمارے تعلقات اور تعاون کو مزید وسیع کیا جائے۔