نواب شاہ: سندھ کے ضلع شہید بے نظیر آباد کے شہر نواب شاہ میں ایک خاتون نے شادی ہال کے اندر دولہے کو چھری کے حملے میں زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نواب شاہ میں مریم روڈ پر واقع ایک شادی ہال میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب شادی کی تقریب کے دوران اچانک ایک خاتون نے دولہے پر چھری سے حملہ کر دیا۔
خاتون کے حملے میں دولہا زخمی ہو گیا، دولہے کا خون دیکھ کر لوگوں کے اوسان خطا ہو گئے اور ہال میں بھگدڑ مچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شادی ہال میں خاتون ناہید نے دولہا نیاز مہر پر چھری سے حملہ کیا، جس سے دولہا زخمی ہو گیا، زخمی دولہے کو پی ایم سی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق حملہ آور خاتون کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، لڑکی کے حملے میں دولہے کو پیٹھ پر زخم آئے۔
خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ نیاز مہر کی شاگرد ہے، اور اس نے ان کے ساتھ شادی کا وعدہ کیا تھا، اور وہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، اور اب وہ چھپ کر شادی کرنے جا رہا تھا۔
خاتون نے بتایا کہ وہ تو صرف بات کرنے آئی تھی لیکن شادی ہال میں دولہے کے اہل خانہ نے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا جس پر اس نے اپنے بچاؤ کے لیے چھری اٹھا لی تھی۔