پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ نوال سعید ایک باصلاحیت آرٹسٹ ہیں جنہوں نے 2017 میں کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے بہت کم عرصے میں مقبولیت حاصل کی۔
انسٹاگرام پر فالوورز 2 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی نوال سعید کو حال ہی میں ایک نجی نیوز چینل کے پوڈکاسٹ میں دیکھا گیا جہاں انہوں نے اپنے بھارتی مداحوں کے بارے میں بات کی اور بالی وڈ میں کام کرنے کے بارے میں رائے کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فی الحال شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، نوال سعید
نوال سعید نے کہا کہ بھارتی ہم سے بہت پیار کرتے ہیں، میں جانتی ہوں کہ وہاں میرے بہت سے مداح ہیں لیکن نہیں معلوم کہ میں نے وہاں کے لوگوں کے دلوں میں کیسے جگہ بنائی۔
اداکارہ نے کہا کہ لگتا ہے میری کچھ ویڈیوز یا میمز انڈیا میں وائرل ہوئے جس کے بعد مجھے وہاں سے بہت پیار مل رہا ہے، بھارت میں ہمارے ڈرامے دیکھے جاتے ہیں کیونکہ ہمارے ڈرامے ان کے ڈراموں سے بالکل مختلف اور حقیقت سے قریب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن میں یہاں پاکستان میں خوش اور مطمئن ہوں، حالات بہتر ہونے پر ہمیں بھارتیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔
نوال سعید کا کہنا تھا کہ میں سلمان خان کی فین ہوں لیکن بطور اداکار منوج باجپائی بہترین ہیں، میں نے ان کی کئی فلمیں دیکھی ہیں اور دوسروں کو بھی مشورہ دیتی ہوں کہ وہ دیکھیں۔
’میرے خیال سے منوج باجپائی کی فلم ’علی گڑھ‘ کو دیکھنا چاہیے کیونکہ یہ ایک شاندار فلم ہے۔ میں واقعی ان کے کام کی تعریف کرتی ہوں۔‘