اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی حالات عوام دیکھ رہے ہیں، ہم میں سے کسی نےاین آراوکیلئے رابطہ نہیں کیا، این آراو کا الزام لگا رہے ہیں تو اس کا نام بھی لیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایک تشنگی رہ گئی،وہ آخری سانسیں لے رہی تھی اور میں قید خانے کی سلاخوں کے پیچھے بند تھا، ابھی تک صدمے کی کیفیت سے باہر نہیں آسکے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم میں سے کسی نے این آراوکیلئے رابطہ نہیں کیا، این آراو کا الزام لگا رہے ہیں تو جرات کرکے اس کا نام بھی لیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا ملکی حالات عوام دیکھ رہےہیں، مولانافضل الرحمان گزشتہ روز ملاقات کیلئے آئے ان کا احترام ہے، ان سے جو باتیں ہوئی وہ پبلک میں نہیں کرنا چاہتا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کوصاف پانی کیس میں بلایاگیا اور آشیانہ میں گرفتارکیاگیا، جب آشیانہ میں کچھ نہیں ملا تو اب ایک اور کیس بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف کو کہا جارہا ہے آپ کے اثاثےآمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔
کرپشن کے الزام میں گرفتار شہباز شریف کے حوالے سے نواز شریف نے کہا شہبازشریف نےدن رات محنت سےکام کیاہے، انھوں نے جو محنت کی اس کے ثمرات ملکی سطح پردیکھےگئے، شہبازشریف نےوہ کام کیےجوآج تک کسی وزیراعلیٰ نےنہیں کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے افسوس کی بات ہےہم ملک کوکس طرح لےکرجارہے ہیں۔