منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں، نواز شریف

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا، اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پنجاب اسمبلی ارکان کی ملاقات ہوئی۔

نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں، شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، لاہور اور پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں اطمینان نظر آ رہا ہے، اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے۔

ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے برکت ڈالی ہے اور بھی ڈالے گا، انشااللہ، اللہ تعالیٰ نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا۔

انھوں نے کہا کہ زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، مسلم لیگ (ن) آتی ہے تو ملک میں ترقی آتی ہے، ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ 1990کا سفر جاری رہتا تو پاکستان ترقی میں آج کہیں آگے کھڑا ہوتا، مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکھ کا کچھ سانس آیا ہے، پالیسی ریٹ 22سے کم ہو کر 12 فیصد پرآنامعاشی بہتری کی علامت ہے۔

جس پر ارکان اسمبلی نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز نے ترقی ،عوام کی خدمت کی نئی روشن مثال قائم کی، ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ثقافت کو ترقی ملتی ہے،آپ جب جب آتے ہیں ن لیگ آتی ہے،ملک کوترقی، روشی، خوشیاں ملتی ہیں۔

ارکان کا کہنا تھا کہ نظام کی اصلاح جو مریم نواز نے کی اس کی اور مثال نہیں ملتی،ای ٹینڈرنگ کاشفاف نظام شروع کیاگیا،میرٹ پر معیاری ترقی کاسفرآگے بڑھ رہا ہے، واہگہ ٹورازم کوریڈورکی تعمیر بےمثال ہے، پنجاب کی خوشیاں واپس آ رہی ہیں۔

اس موقع پر شرکا نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں ،عوامی منصوبوں پر بھی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں پنجاب کا ہر شعبہ ترقی پرگامزن ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا نام آئے تو عوام کی خدمت کی مثال بنناہی پڑتا ہے، نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے، اور ہم سب اِن کے سپاہی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں