مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے ملاقات کی جس کا احوال سامنے آ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کیا کچھ ہوا، اس کا اندرونی احوال سامنے آ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف کو بلوچستان دورے کی استدعا کی تاہم انہوں نے فوری طور پر بلوچستان کے دورے کا وعدہ نہیں کیا اور کہا کہ اگر سیاسی پیش رفت ہوئی تو وہ (نواز شریف) ضرور بلوچستان کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد میں لے کر اختر مینگل اور بلوچستان کے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بات کریں گے اور صوبے کے لیے کوئی قدم اٹھائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں نواز شریف نے عبدالمالک بلوچ کے اس موقف سے اتفاق کیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل سیاسی ہے۔
نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلیے ان سے جو کچھ ہو سکے گا وہ ضرور کریں گے۔