اسلام آباد : سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ جاپان پر ایٹم بم گرائے گئے لیکن وہ بیس سال میں معاشی طاقت بن گیا لیکن ہم نے ستر سال گنوا دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سے وزیر مملکت مریم اورنگزیب، وزیر نجکاری دانیال عزیز، شیخ انصر شیخ ، سینیٹر پیر صابر شاہ، طارق فاطمی، کیپٹین صفدر اور محمود خان اچکزئی نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وکلا کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔
نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان پر ایٹم بم گرایا گیا پھر بھی آج وہ خوشحال ملک ہے، جاپان نے ایٹم بم کا نقصان دیکھنے کے بعد20سال میں ترقی کی اور آج 70سال ہونے کو آگئے ہیں پھر بھی ہمیں خیال نہیں آتا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک پرتوجہ ہی نہیں دی،ہم نے اپنے ساتھ کیا کیا ہے، ہماری70 سال کی بڑی دکھ بھری داستان ہے، یہ سب کچھ بدلنا ہے،نہ کیا تو پتہ نہیں ملک کا کیا حشر ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے70سال گنوادیئے، سب کچھ گنوانے کے باوجود بھی ہمیں خیال نہیں آرہا۔
اس موقع پر پیر صابر شاہ نے کہا کہ آپ نے قوم کو ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دیا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بہت مضبوط نعرہ ہے۔ اس نعرے کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔
انکا کہنا تھا کہ میاں صاحب میں بعض اوقات آپ سے سخت باتیں بھی کر جاتا ہوں، قدم بڑھاؤ نواز شریف کے نعرے محض گپ شپ ہیں۔ ہمیں ان نعروں کو حقیقت میں بدلنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: ماضی میں جوہوتا رہا اب کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، نواز شریف
یاد رہے اس سے قبل اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ نیب آمرکا بنایا ہوا کالا قانون ہے جس کا مقصد سیاست دانوں کوہدف بنانا تھا۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں جوہوتا رہا اب کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، 70 سال سے یہی کھیل کھیلا جا رہا تھا، اب لوگ بھی کہہ رہے ہیں اب یہ مزید نہیں ہونا چاہیے۔