وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے گزشتہ روز اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے پر نواز شریف اور ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز پارٹی کی صوبائی قیادت پر شدید برہم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگی رہنماؤں کے دعوؤں کے برعکس گزشتہ شب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے میں سرخرو ہوئے جس سے ن لیگ کی صفوں میں بھونچال پیدا ہو گیا ہے اور پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کی اس کامیابی پر نواز شریف اور ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے پارٹی کی صوبائی قیادت پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ پنجاب کی قیادت کی جانب سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو وثوق کے ساتھ یقین دہائی کرائی گئی تھی کہ عدم اعتماد کے لیے پی ٹی آئی اور اس کی اتحادی ق لیگ کے پاس نمبر گیم پورا نہیں ہے اور پی ٹی آئی کے کم از کم 7 ناراض اراکین جو چوہدری پرویز الہٰی کو ووٹ دینا نہیں چاہتے وہ ن لیگ سے رابطوں میں ہیں۔
ن لیگی ذرائع کے مطابق پنجاب میں سیاسی محاذ پر اس ناکامی کے بعد نواز شریف نے معاملے پر فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے اور پارٹی عہدیداروں سے استفسار کیا کہ یہ ناراض اراکین ووٹنگ کے لیے کیوں پہنچے، مقامی قیادت نے یہ سب کیوں مینیج نہیں کیا جس کی وجہ سے پارٹی کو ایک بار پھر سُبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پارٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ جو ن لیگ پنجاب کے صدر بھی ہیں نے اس معاملے پر نواز شریف اور مریم نواز کو اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے جس میں مریم نواز کو فوری وطن واپسی کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے لندن میں موجود پارٹی قیادت پر واضح کردیا ہے کہ اگر مریم نواز فوری وطن واپس نہ آئیں تو پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے۔