گوادر : وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ کراچی کی طرح بلوچستان میں بھی بھتے کی پرچیاں ملتی تھیں لیکن سابق وزیراعظم نوازشریف کی کوششوں سے بلوچستان اور کراچی میں امن آیا اور لوگوں نے تحفظ کے احساس کے ساتھ سُکھ کا سانس لیا.
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ بلوچستان اب وہ پُرانا والا بلوچستان اورکراچی وہ کراچی نہیں رہا اور یہ سب نوازشریف کی مرہون منت ہوا ہے.
وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ کراچی کے امن کو منصوبہ بندی کے تحت خراب کیا گیا ہے جہاں مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے دہشت گردوں کی کمر توڑی اسی طرح بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کو کہیں پناہ نہیں مل رہی ہے.
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ جب سیاست دانوں کا احتساب ہوسکتا ہے تو ملک میں حکمرانی کرنے والے ڈکٹیٹرز کا بھی احتساب کیا جانا چاہیے تاکہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جا سکے.
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد خوشحال اور تعلیم یافتہ بلوچستان پاکستان کی معاشی سرگرمیوں میں سب سے اہم کردار ادا کرے گا.
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔