اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کا بھارتی ہم منصب نریندرمودی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی وزیراعظم کو ٹیلی فون کیا جس میں انہوں نے بھارت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر ہونے والے حملے کی مذمت کی۔
وزیراعظم نے اپنے بھارتی ہم منصب کو یقین دہانی کرائی کہ بھارت کی جانب سے فراہم کیے جانےوالے شواہد کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
بھارت کی جانب سے شبہے کی بنیاد پرپاکستان کوچند عناصرکی نشاندہی کرائی گئی تھی جن پر پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق تحقیقات شروع کی جاچکی ہیں۔
پاکستانی سرحد کے نزدیک واقع بھارتی ایئربیس پٹھان کوٹ پرجمعے اور ہفتے کی درمیانی شب حملہ کیا، بھارتی فوج کے مطابق کل چھ حملہ آوروں کو مارگرایا گیا ہے اور اب ایئربیس پر آپریشن کلین اپ جاری ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنی روایت برقراررکھتے ہوئے حسبِ عادت پٹھان کوٹ حملے کی ذمہ داری پاکستان پرعائد کردی تھی۔