لاہور : وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایوان صنعت و تجارت کے سربراہان اور برآمدکنندگان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایوان صنعت وتجارت کے نمائندگان اوربرآمدکنندگان کےوفوداور وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار ،وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی ،وزیرتجارت خرم دستگیر، چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ اور اپٹما عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ ملکی برآمدات میں دس فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کمی سے وزیر اعظم بھی پریشان ہوگئے۔
اس بارے میں اقدامات اور بر آمدات میں اضافے کیلئے وزیر اعظم نے اجلاس طلب کیا۔ ملکی برآمدات میں اضافہ اور برآمد کننددگان کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترقی کرنے اور قرضے اتارنے کیلئےبرآمدات میں اضافہ ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے ، جس کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، انہوں نے کہا کہ وسائل کی فراہمی کے لئے ہمیں اپنی آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا۔
مسقبل میں حکومت،تاجروں کےدرمیان رابطوں کومستحکم کرنا بھی ضروری ہے،برآمدات میں اضافہ اور ریونیو جمع کئے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ آمدنی ہوگی تو قرضے اتارے جاسکیں گے۔