اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف کی طبیعت ناساز

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی جیل میں قید کے دوران طبیعت ناساز ہوگئی، ڈاکٹر نےمکمل آرام کی ہدایت کردی ہے، وہ العزیزیہ ریفرنس میں کوٹ لکھپت جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح کوٹ لکھپت جیل میں ناشتے کے بعد ناسازی طبع کی شکایت پر نواز شریف کا طبی معائنہ کیا گیا، معائنے کے نتیجے میں ان کے گلے میں انفیکشن کی شکایت پائی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سا بق وزیر اعظم نواز شریف کے سر میں درد اور معمولی بخار کی شکایت تھی، صبح انہوں نے اپنے گھر سے آیا ہوا ناشتہ تناول کیا تھا۔

طبی معائنے میں نواز شریف کا بلڈ پریشر بالکل ٹھیک پایا گیا اور ان کے قلب کی کارکردگی بھی معمول کے مطابق تھی۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف عارضہ قلب کے مریض ہیں اور لند ن میں کچھ عرصہ زیرِ علاج بھی رہے ہیں۔

معائنے کے بعد نوازشریف کومکمل آرام اورپرہیزکی ہدایات دی گئیں ہیں۔ خیال رہے کہ نواز شریف قید با مشقت کاٹ رہے ہیں ، اور جیل حکام کی جانب سے انہیں محض ان کے وارڈ کی صفائی کی مشقت پر معمور کیا گیاہے۔

نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سات سال قید اور ساڑھے تین ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، انہیں ان کی درخواست پر اڈیالہ کے بجائے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں اہل ِ خانہ سےملاقات اور گھر کے کھانے کی سہولت میسر ہے۔ اس کے علاوہ انہیں جیل میں بنیادی سہولیات بھی میسر ہیں جن میں بمیز، 3 کرسیاں، گدا، اخبار اور دیگر ضروری چیزیں شامل ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے العزیزیہ ریفرنس میں اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کی ہے جس پر عدالت کی جانب سے ان کی درخواست کو سماعت کے لیے دس روز میں مقرر کرنے کا حکم صادر کیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں