بدھ, دسمبر 11, 2024
اشتہار

بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آنا چاہیے، نواز شریف

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار پر اپنا ردعمل ظاہر کر دیا۔

نواز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ جینیوا سے لندن پہنچے جہاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، پاکستان کے امریکا اور ہمسائیوں کے ساتھ بھی تعلقات اچھے ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھارتی ٹیم کو پاکستان ضرور آنا چاہیے تھا، بھارت کے ساتھ معاملات بہتر بنانے کی ضرورت ہے، امید ہے جلد بھارت کی ٹیم پاکستان آ کر کھیلے گی۔

- Advertisement -

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت کی بہتری کیلیے بے پناہ اقدامات کیے۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پورا ملک دیکھنا چاہتا ہے ڈیڑھ ارب درخت اور 50 ہزارنو کریاں کہاں ہیں؟ افسوس ایک پارٹی نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھی، گاڑیوں کے پیچھے بھاگنا اور تعاقب کرنا افسوس ناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو اچھے طریقے سے کریں، نوجوانوں کو گاڑیوں کے پیچھے بھاگنے اور نعرے لگانے پر لگا دیا گیا۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اسموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہو سکتا، اسموگ کا مسئلہ چند سال میں حل کر دیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ 6 سے 7 سال بعد پاکستان میں اب دوبارہ ترقی آ رہی ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس فروری اور مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے لیکن بھارت ایک بار پھر کھیل میں سیاست لاکر جنٹلمین کھیل سے کھلواڑ شروع کر دیا اور روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مودی سرکاری نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا۔ بھارت ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے میچز یو اے ای میں کھیلنے کا خواہاں ہے۔

ایسے میں ایک بھارتی صحافی نے بلیو شرٹس کے پاکستان چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلیے آنے کی ایک راہ دکھائی ہے جو امید کی کرن بھی بن سکتی ہے۔

نامور بھارتی کرکٹ صحافی ایل پی کے ساہی کہتے ہیں کہ کرکٹ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی پسند ہے جبکہ سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف بھی اس کھیل کے دیوانے ہیں اور دونوں ہی رہنماؤں کے درمیان دوستانہ روابط ہیں۔

ایل پی ساہی کہتے ہیں کہ اگر نواز شریف نریندر مودی کو ایک ٹیلی فون کال کر لیں تو یہ فون کال بھارتی کرکٹ ٹیم کے 16 سال بعد پاکستان آنے کا راستہ کھول سکتی ہے، یہی آخری اور بہترین آپشن بھی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں