پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز کا کہنا ہے کہ مجھے نکالنے والے چلے گئے میں آج وہی آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔
مری میں جلسے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ 1985 میں پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا تو سب سے پہلا منصوبہ راولپنڈی سے مری روڈ کا تھا، مری میرا دوسرا گھر ہے اور یہاں کے لوگ بھی مجھے بہت پیارے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ 1950 میں پیدائش ہوئی تو 1956 میں پہلی بار مری آیا تھا، لاہور کے بعد سب سے زیادہ میں مری میں رہاہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں وزیراعظم تھا تو عوام کی خدمت کر رہا تھا، میں نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ملک میں بجلی سستی کی، موٹر وے بنائی، روٹی 4 روپے کی تھی، گھی 150 روپے چینی 50 روپے کلو تھی۔
سبزیاں 10، 10 روپے کلو، ڈالر 104 روپے اور پیٹرول 65 روپے کا تھا، انہوں نے سوال کیا کہ کیا نوازشریف کا زمانہ اچھا تھا یا یہ زمانہ اچھا ہے؟
نوازشریف نے کہا کہ سونا 50 ہزار روپے فی تولہ تھا اور آج 2 لاکھ روپے تولہ ہے، آپ نے مجھے کیوں نکالا، جس نے نکالا اچھا کیا یا برا کیا؟
انہوں نے کہا کہ آج وہ خود استعفیٰ دیکر گھر جا رہے ہیں، دال میں کچھ کالا ہے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔ مجھے نکالنے والے چلے گئے میں آج وہی آپ کے سامنے کھڑاہوں، مجھے نکال دیا اور اس کو لائے جس نے کہا عوام کو 1 کروڑ نوکریاں دوں گا۔
وہ کٹے، مرغیاں اور انڈے کہاں گئے؟، بلین ٹری کا جھوٹ بولا، کہاگیا کہ 50 لاکھ گھر دینگے کسی کو ملا تو بتائیں؟ نواز شریف نے کہا کہ یہ دیکھیں میرے سامنے یوتھ کھڑی ہے، ن لیگ پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گی۔
میاں نوازشریف کا جلسے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی یوتھ ہمارے ساتھ ہے، ان شااللہ ہم مری کے چاروں طرف موٹروے بنائیں گے، میرا منصوبہ اورخواہش ہے اسلام آبادسے مری تک ٹرین لیکر آئیں۔
خدشہ ہے الیکشن ڈے پر ن لیگ خون خرابے کی سازش کرے گی: پلوشہ خان
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے مری اور پھر مظفرآباد تک ٹرین چلائیں گے، آج یوم یکجہتی کشمیر ہے ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔