لاہور : ڈی سی لاہور نے نواز شریف کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ مغرب سے پہلے جیل آجائیں، جبکہ ن لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری کا کہنا ہے کہ نواز شریف رات بارہ بجے سے پہلے سرنڈر کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لیگی رہنماﺅں کو جیل حکام نے پیغام دیا ہے کہ نواز شریف جیل قوانین کے مطابق شام 6 بجے سے پہلے سرنڈر کر دیں، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ کارکن جیل انتظامیہ کی نوازشریف کو شام چھ بجے کے بعد قبول نہ کرنے والی افواہوں پر کان نہ دھریں۔
نواز شریف طے شدہ شیڈول کے مطابق اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہوں گے اور رات بارہ بجے سے پہلے سرنڈر کر دیں گے۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے لیگی رہنماﺅں کو یہ پیغام پہنچایا تھا کہ نواز شریف جیل قوانین کے مطابق 7مئی شام چھ بجے سے پہلے سرنڈر کر دیں اور کوٹ لکھپت جیل پہنچ جائیں۔
جیل میں انہیں نیا قیدی نمبر الاٹ کیا جائے گا۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن)کے رہنماﺅ ں نے اس حوالے سے انتظامیہ کو اپنے موقف سے آگاہ کر دیا ہے جسے انہوں نے جیل حکام تک پہنچا دیا ہے۔