روالپنڈی : سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اورکیپٹن صفدر سے وکلا نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز، اور کیپٹن صفدر سے ان کے وکلا خواجہ حارث اور امجد پرویز نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات میں اہم قانونی معاملات پرمشاورت کی گئی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کی وکلا کے ساتھ ملاقات گزشتہ جمعرات کو ہونی تھی لیکن حکام کی جانب سے جمعرات کو ملاقات منسوخ کردی گئی تھی۔
نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی گئی ہے اور تینوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
نوازشریف ،مریم نوازاور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی درخواست ضمانت مسترد
خیال رہے کہ 17 جولائی کواسلام آباد ہائی کورٹ نے شریف خاندان کی سزا کے خلاف اپیل پر نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ طلب کیا تھا اور نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روزایون فیلڈ میں سزا یافتہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلیں ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں ماہ 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو 11، مریم نوازکو 8 اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید سنائی تھی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔