اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے قیام سے معاشی اور سیاسی استحکام آئے گا۔
نواز شریف کی طویل عرصے بعد پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ طویل عرصے کے بعد یہاں آنا اچھا لگا۔
(ن) لیگ کے قائد نے کہا کہ ملک کی معیشت کو ٹھیک کریں گے، خواہش ہے ہر اسمبلی مدت کرے ہر سینیٹ مدت پوری کرے، اسی طرح ہر وزیر اعظم اپنی مدت پوری کرے۔
بعدازاں وہ شہباز شریف کے ہمراہ کمیٹی روم میں پہنچے جہاں (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جاری ہے۔ روم میں پارٹی کے تمام اراکین موجود ہیں۔
چند روز قبل شریف میڈیکل ٹرسٹ کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب میں نواز شریف نے کہا تھا کہ آپ نے کبھی مشکلات سے گھبرانا نہیں ہے کیونکہ ناکامی کا خوف رکھنے والا شخص کبھی کامیاب نہیں ہوتا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آپ کی محنت نے آپ کو اس مقام پر پہنچایا ہے، آپ کے والدین کو بھی آپ کی کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، آپ کے والدین نے آپ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ شریف میڈیکل کالج برسوں پہلے لگایا گیا آج یہ تناور درخت بن گیا، یہ بات قابل فخر ہے اس کالج سے مختلف بیچز فارغ التحصیل ہوئے، شریف میڈیکل کالج میں داخلے کیلیے 100 میرٹ پالیسی ہے، کالج میں سفارش کلچر نہیں، میرٹ کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہے، لگن کے بغیر کامیابی کا کوئی تصور نہیں، وہ شخص کامیاب نہیں ہوتا جس میں ناکامی کاخوف کامیابی سے زیادہ ہوں، آپ نے کبھی گھبرانا نہیں ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ نوجوان مجھے ملک کے روشن مستقبل کی نوید سنا رہی ہے، بچے اور بچیاں ہی پاکستان کو ترقی راہ پر گامزن کرے گی، نوجوان ہی ملک کی خدمت کریں گے، نوجوانوں نے خوش کیساتھ کیساتھ ہوش سے بھی کام لینا ہے۔