لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کو بدتمیزی، بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے ارکان کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی نے کاروباری برادری کااعتماد بڑھایا ہے، سخت معاشی حالات کے بعد مہنگائی میں کمی ہوئی، مزید کمی سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔
ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ الحمدللہ تعمیراتی کام پھر سے شروع ہوگئے ہیں، شہبازشریف کی محنت کا عالمی مالیاتی ادارے بھی اعتراف کررہے ہیں، وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کو بدتمیزی، بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملک اور قوم کی خدمت کاشاندار ریکارڈ رکھتے ہیں ، ترقی کا تسلسل نہ ٹوٹتا تو ملک خطے اور دنیا میں کہیں آگے ہوتا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ قیادت، جماعت اور پنجاب کے عوام کا اعتماد بڑی ذمہ داری ہے، نوازشریف، شہبازشریف کی عوامی خدمت کے معیار پر پورا اترنا آسان نہیں۔