اسلام آباد : سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ چاہتی ہے کہ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی جیسا شخص چیئرمین سینیٹ ہو، ہم آج بھی میثاق جمہوریت کے تحت چل رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اتحادی جماعتوں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔
نواز شریف نے کہا کہ رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ نامزد کیا گیا تو پیپلزپارٹی سے بات ہو سکتی ہے، چاہتے ہیں ان جیسا شخص چیئرمین سینیٹ ہو، ہم اتحادیوں کو شروع سے ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب جو کر رہے ہیں؟ کیا یہ جمہوری رویہ ہے؟ جبکہ ہم تو آج بھی ان کے ساتھ میثاق جمہوریت کے تحت چل رہے ہیں، جہاں جس کا مینڈیٹ تھا اسے تسلیم کیا، اب سینیٹ میں ہمارا مینڈیٹ کیوں تسلیم نہیں کیا جا رہا؟
نوازشریف کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ یہ طے کرلیا گیا ہے کہ نواز شریف کو سیاست سے آؤٹ کرنا ہے، انصاف نہیں کیا جا رہا پھر بھی بےبنیاد مقدمات کا سامنا کررہا ہوں، انہوں نے اتحادی جماعتوں کے سربراہان کو یقین دہانی کرائی کہ جمہوریت کے خلاف ہر سازش ناکام بنانے میں ان کا ساتھ دیں گے۔
اس موقع پر نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب ! آپ ہمارے ساتھ ہی رہئے گا، جس پر فضل الرحمان نے جواب دیا کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں اور ساتھ کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: کوشش کریں گے چیئرمین سینیٹ کیلئے ایسا شخص لائیں جس پر سب کا اتفاق ہو ،مشاہد اللہ
اس موقع پر تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہان نے نوازشریف کو یقین دہانی کروائی کہ وہ بھی جمہوریت کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے میں ان کا ساتھ دیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔