بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

ہمارے دور حکومت میں لوگ خوشحال تھے، نوازشریف

اشتہار

حیرت انگیز

لندن  : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دور حکومت میں لوگ خوشحال تھے، میں اور میری ٹیم محنت کرکے پاکستان کا نقشہ بدل رہے تھے۔

یہ بات انہوں نے  لندن سے پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ میں آپ سے بہت عرصے کے بعد آپ سے مخاطب ہورہا ہوں، گزشتہ ڈھائی سالوں میں ہم نے کیا کیا مشکل مرحلے نہیں دیکھے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے مجھے آپ لوگوں سے ملوایا اور  بات کرنے کا موقع فراہم کیا، جس پر میں  خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے دور حکومت میں پاکستان کے لوگ خوشحال تھے،2013سے2018تک ملک میں خوشحالی تھی، میں اور میری ٹیم محنت اور خدمت کرکے پاکستان کا نقشہ بدل رہے تھے۔

نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں، ان ہی ناکردہ گناہوں کی وجہ سے آج وہ جیل میں ہیں لیکن وہ اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

نوازشریف اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں ،مراد سعید

وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ سرٹیفائیڈ مفرور کو ایک گھنٹے تقریر کا وقت ملا، نوازشریف اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں،
وہ ان سے مخاطب تھے جو ان کے ذاتی غلام ہیں۔

یہ بات انہوں نے نواز شریف کی تقریر کے ردعمل میں کہی، انہوں نے کہا کہ انہوں نے عوام کو لوٹا اور پیسہ بیرون ملک لے گئے، ان کی وجہ سے ہم دنیا سے مہنگی ترین گیس خرید رہے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ نوازشریف کو شرم آتی تو ملک کیلئے ایک اسپتال تو بناتے، نوازشریف کو شرم ہونی چاہیے انہوں نے آج بھی عدلیہ پر بات کی۔

نوازشریف نے کل بیان دے کر وزیراعظم کے عہدے کی خلاف ورزی کی، ان کے بیانیے کے بعد ن لیگ کے کافی لوگ ہم سے رابطے میں ہیں، آئین کا حلف لینے والے پاکستان دشمن بیانیے کے ساتھ نہیں چل سکتے، ن لیگ کے 4ایم پی ایز نے کل عثمان بزدار سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو یاد ہے جب نوازشریف نے مودی کو گھر جندال کو مری بلایا تھا اور چھپ کر ملاقات کی تھی، نوازشریف سے پوچھا جائے2017کے بعد لندن میں کن ڈپلومیٹس سے ملاقات کی ڈپلومیٹس سے ملاقاتوں میں کیا کیا باتیں ہوئیں؟

نوازشریف بیماری کا جھوٹ بول کر بیرون ملک بھاگے، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بیانیے کو فروغ دے رہا ہے، نوازشریف کے بیانات پر خاموش نہیں رہا جاسکتا ان کے خلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں