ریاض : وزیراعظم نواز شریف کی شاہی محل میں سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور طارق فاطمی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی قیادت ایران سعودی عرب کشیدگی ختم کرانے کے لئے سرگرم ہوگئی، سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ سلمان ایئر بیس پہنچنے پر ریاض کے گورنر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
بعد ازاں نواز شریف نے سعودی فرما روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران خطے کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور سعودی عرب اور ایران کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث امت مسلمہ کمزور ہو رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی ہے.