واشنگٹن :ن لیگ کے صدر نواز شریف امریکا پہنچ گئے، جہاں وہ اپنے قریبی دوست کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کریں گے اور طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے صدر نواز شریف واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، پاکستانی سفیر رضوان شیخ اور سینئر سفارتکاروں نے ان کا استقبال کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف قریبی دوست کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کرنے آئے ہیں، اس کے ساتھ ہی ن لیگی صدر پینسیلوینیا میں طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔
گذشتہ روز سابق وزیراعظم برطانیہ سے امریکا روانہ ہوئے تھے ، امریکا روانگی سے پہلے لندن میں ن لیگی صدر سے صحافی نے دلچسپ سوال کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیراعظم کیوں نہیں بنے؟
مزید پڑھیں : آپ وزیراعظم کیوں نہیں بنے؟ نواز شریف کا صحافی کے سوال پر دلچسپ جواب
جس پر جواب میں ن لیگی صدر نے کہا کیا امریکا جانے سے پہلے یہ پوچھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے دبئی روانہ ہوئے تھے، ن لیگی صدر نے دو روز قیام کے دوران لندن میں اہم ملاقاتیں کیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگی صدر امریکا میں 4 روزقیام کے بعد واپس لندن پہنچیں گے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نومبر کے پہلے ہفتے میں برطانیہ کے نجی دورے پر جانے کا امکان ہے ، دونوں رہنما 5 مختلف ممالک کے دوروں کےدوران اہم ملاقاتیں کریں گے۔