اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزارت داخلہ سے ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست کردی، تاہم وزارت داخلہ نے ابھی کوئی جواب نہیں دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا ہے اور ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنا، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے خط لکھا تھا ، خط ایک ہفتے قبل لکھا گیا تھا۔
تاہم وزارت داخلہ نے ابھی کوئی جواب نہیں دیا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں نواز شریف اور ان کی بیٹی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف اورمریم نوازکانام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا
وفاقی وزیراطلاعات نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار،حسن اور حسین نواز ملک سے فرار اور اشتہاری ہیں، تینوں فرار افراد کو واپس لانے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے، وزارت داخلہ کو حکم دیا گیا ہے کہ تینوں مفرور افراد کو واپس لایا جائے۔
جس کے بعد 21 اگست کو سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کا نام ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا گیا تھا۔
اس سے قبل نیب کی جانب سے نگران حکومت کو بھی شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے خط لکھا گیا تھا، جس کے بعد نگران حکومت نے حسن ،حسین نواز اور اسحاق ڈار کے نام بلیک لسٹ میں شامل کئے گئے تھے۔
واضح احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز 13 جولائی کو جب لندن سے وطن واپس لوٹے تو دونوں کو لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔
بعد ازاں 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایوان فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز، کپیٹن(ر)صفدر کی سزائیں معطل کرتے ہوئے تینوں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔