اسلام آباد : نواز شریف نے سست ترین سفر کا ریکارڈ توڑ دیا، پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے پنجاب ہاؤس راولپنڈی تک کا سفر پندرہ گھنٹے میں طے کیا۔
تفصیلات کے مطابق میاں نواز شریف کو صبح دس بجے پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے لاہور کیلئے روانہ ہونا تھا، جہاں انھیں کارکنوں کے جمع ہونے کیلئے دو گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔
نواز شریف کی سواری پنجاب ہاؤس سے برآمد ہوئی، جس کو پولیس کمانڈوز نے حفاظتی گھیرے میں لے رکھا تھا، نواز شریف کا کنٹینر پہلے ہی پہنچ چکا تھا۔
ریلیاں مری روڈ پر جمع ہونا شروع ہوئیں، ریلی شروع ہوئی تو ہرطرف کے راستے بند، لو گ پریشان، پبلک ٹرانسپورٹ ناپید ہوگئی، سڑکوں پر متوالوں کا راج اور جلوس پر ہیلی کاپٹروں سے پمفلٹ بھی گرائے گئے ۔
جلوس فیض آباد مری روڈ سے ہوتا ہوا کمیٹی چوک پہنچا، جہاں نواز شریف خطاب کے بعد پنجاب ہاؤس راولپنڈی پہنچ گئے ہیں، نواز شریف کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے پنجاب ہاؤس راولپنڈی تک پہنچنے کیلئے پندرہ گھنٹے لگے، جہاں سے آج انھوں نے اپنے سفر کا آغاز کیا۔
واضح رہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے نوازشریف کو نااہل قرار دیا تھا اور نواز شریف ، حسن، حسین، مریم نواز، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں ریفرنس بھیجنے اور چھ ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
جس کے بعد نواز شریف نے اسلام آباد سے لاہور ریلی کی شکل میں جانے کا فیصلہ کیا تھا۔