مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 73 سال کے ہوگئے سالگرہ پر وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 73 برس کے ہوگئے ہیں اور آج اپنی سالگرہ منا رہے ہیں۔ سالگرہ پر موقع پر ان کے چھوٹے بھائی اور وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے سالگرہ پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ میں بڑے بھائی اور اپنے قائد محمد نواز شریف سالگرہ مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا محمد نواز شریف کی زندگی پاکستان سے والہانہ محبت اورخیر خواہی سے عبارت ہے۔ وہ نہایت نرم دل، دور اندیش اور فہم ودانائی جیسی خوبیوں کے مالک ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع، معاشی ترقی، فلاح وبہبود کیلیے کام کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کی عالمی سطح پر عزت ووقار میں اضافے کیلیے کام کیا۔ انہوں نے ہمیشہ وعدوں کو وفا کیا۔ ان کی سیاسی، جمہوری اور عوامی جدوجہد کو سلام کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میرے بھائی اور قائد کو ہمارے سروں پر قائم ودائم رکھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے اپنے ٹوئٹ پیغام میں لکھا کہ میں نے پورے سیاسی کیریئر میں ہمیشہ اپنے بڑے بھائی اور لیڈر کی حیثیت سے نواز شریف سے رہنمائی حاصل کی۔ پاکستانی سیاست پر نواز شریف کے نہ مٹنے والے نقوش ہیں۔ عوام کی بے لوث خدمت ان کی سیاست کا خاصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن مجھ سمیت کروڑوں چاہنے والے نواز شریف کو ڈھیروں دعائیں پیش کرتے ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ میں محمد نواز شریف کا چھوٹا بھائی اور ان کا کارکن ہوں۔
Happy birthday to Mian Nawaz Sharif. Throughout my political career, I have always looked up to him for guidance as my elder brother and leader. His imprint on Pakistani politics remains indelible. Selfless service to the people is the hallmark of his politics.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) December 25, 2022
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز بحیثیت وزیر خزانہ پنجاب کی حیثیت سے کیا۔ بعد ازاں ضیا دور میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر براجمان ہوئے۔
نواز شریف تین بار ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں لیکن ایک بار بھی اپنے عہدے کی آئینی مدت پوری نہیں کرسکے ہیں۔
سابق وزیراعظم 2019 میں علاج کی غرض سے لندن گئے تھے جس کے بعد تاحال وہ وطن واپس نہیں آئے ہیں۔